مسلم لیگ (ن) کے صدرشہبازشریف نےآشیانہ ریفرنس میں اپنی بریت پر کہا ہے کہ ایک دھیلےکا الزام ثابت نہ ہونا عوام کی خدمت کاانعام ہے،اللہ تعالی کا شکر ہےایک بار پھرعوام اور قانون کی نظر میں سرخرو کیا۔
صدر ن لیگ اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار پارٹی کے سینئررہنماؤں سے ملاقاتوں کے دوران کیا ، ملاقات کرنے والوں میں سابق گورنررفیق رجوانہ،خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق ، عبدالغفارڈوگر، خواجہ عمران نزیر اورعطاءاللہ تارڑ شامل تھے ۔
ملاقات میں پارٹی رہنماؤںنے آشیانہ اقبال ریفرنس میں بریت پر شہبازشریف کو مبارکباد پیش کی ،اور سیاسی انتقام کے دورکا بہادری سے مقابلہ کرنے پر پارٹی صدرکو خراج تحسین کیا۔
اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی کا شکر ہےایک بار پھرعوام اور قانون کی نظر میں سرخرو کیا،قیادت اور کارکنوںنے بڑی جرات وبہادری اور ثابت قدمی دکھائی،قیادت کی بے گناہی پرکارکنوں اورعوام کویقین تھا، یہ اعتماد سب سے بڑااثاثہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عوام کی خدمت پر ناحق سزا کا سامنا کرنا اعزازسمجھتا ہوں ،اورایک دھیلے کا الزام ثابت نہ ہونا عوام کی خدمت کاانعام ہے،افسوس ہے کہ چارقیمتی سال سیاسی انتقام میں جھونک دئیے گئے، انتقامی سیاست سے معیشت تباہ ، عوام مہنگائی کا شکار ہوگئے ہمیں اپنی سزا کا نہیں، عوام اورملک کو ملنے والی سزا کا دُکھ ہے۔
ملاقاتوں میں انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا، پارٹی رہنماؤں نے حلقوں میں جاری تیاریوں کے بارے میں پارٹی صدر کو آگاہ کیا۔