وزیراعظم شہباز شریف نے مصر سے واپسی پر سرکاری مصروفیات کا آغاز کر دیا ہے، جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے منصوبے کے تمام مراحل میں شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کردی، اجلاس کے شرکا نے ڈیسک بجا کر وزیراعظم کی سفارتی کامیابیوں کو سراہا۔
جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر سے متعلق اجلاس میں وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورہ مصر اور غزہ امن سربراہی اجلاس سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔شرکا نے کہا کہ پاکستان کو سفارتی سطح پر ایک اہم مقام دلانے پر وزیراعظم خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔وزیراعظم نے منصوبے کے تمام مراحل میں شفافیت اور مقررہ ٹائم لائنز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال ہوگا جہاں عوام کو بین الاقوامی معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اجلاس کو منصوبے کی پیشرفت سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے ڈیزائن کنسلٹنٹ کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔کنٹریکٹ کی پاکستان انجینئرنگ کونسل کے ساتھ رجسٹریشن جاری ہے۔ماہرین کے انتخاب کے لیے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کا اشتہار جلد جاری کیا جائے گا۔بریفنگ کے مطابق وفاقی کابینہ نے جناح میڈیکل کمپلیکس کے چیف ایگزیکٹو افسر کی تعیناتی کی منظوری بھی دے دی ہے۔






















