تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے گذشتہ روز کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے ، سلمان اکرم راجہ نے بانی کا پیغام دیا کہ علیمہ خان سیاسی مداخلت نہیں کریں گی تو بحث چھڑ گئی ، شہریار آفریدی نے پارلیمانی پارٹی کو پیشکش کی کہ چلیں سب کو بٹھا کر صلح کراتے ہیں ، علی امین اور جنید اکبر سمیت سب ایک جگہ بیٹھیں ،معاملات ٹھیک کریں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارلیمانی پارٹی میں جنید اکبر،عاطف خان،شہرام تراکئی،علی اصغر ایک پیج پرنظرآئے، جنید اکبر نے کہا کہ ہم کوئی صلح نہیں کررہے نہ ہی ہم وزیراعلیٰ کے پاس جائیں گے۔ ہمارے ساتھ زیاتیاں ہورہی ہیں،پارٹی کمیٹیوں میں میری ہر سطح پر مخالفت ہوتی ہے، اب میں اپنے پارٹی صوبائی صدرکے اختیارات استعمال کروں گا دیکھتا ہوں کون روکتا ہے۔
جنید اکبر غصے میں اجلاس چھوڑ کر چلے گئے اور کہا کہ کم وسائل میں صوابی جلسہ کیا۔ عاطف خان نے کہا کہ مجھ پر کرپشن کے الزامات لگے ، کچھ ثابت نہیں ہوا، ہم علی امین کے پاس نہیں جائیں گے۔ عادل بازئی نے سلمان اکرم راجہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو باتیں پارٹی فورم میں ہوسکتی ہیں آپ میڈیا میں اچھالتے ہیں،آپ توہمارا فون تک سننے کی زحمت نہیں کرتے،آپ کی لڑائیاں پارٹی اور بانی پی ٹی آئی دونوں کو نقصان پہنچا رہی ہیں، پارٹی میں لیگ پُلنگ نہیں ہونی چاہیے، نقصان ہوگا۔






















