ترقیاتی منصوبوں کے لیے موصول غیر ملکی فنڈز کی تفصیلات سامنے آگئیں، رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں مختلف منصوبوں کے لیے چوالیس کروڑ ڈالر موصول ہوئے۔
دستاویزات کے مطابق عالمی بینک سے سندھ فلڈ ریکنسٹریکشن ایمرجنسی ہاؤسنگ پروگرام کے لیے دس کروڑ ڈالر موصول ہوئے، کراچی یلو لائن پروجیکٹ کے لیے پانچ کروڑ نواسی لاکھ ڈالر، جبکہ سندھ ایمرجنسی ہاؤسنگ کے تعمیر نو منصوبے کے لیے دو کروڑ اٹھاسی لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔پنجاب رورل واٹر سپلائی اور نکاسی آب منصوبے کے لیے دو کروڑ ڈالر، داسو ہائیڈل اور ٹرانسمیشن لائنز کے لیے دو کروڑ چوبیس لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔
نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کے لیے ایک کروڑ چھبیس لاکھ، سندھ سولر انرجی پروجیکٹ کے لیے ایک کروڑ آٹھ لاکھ، اور تربیلا فور کے لیے چورانوے لاکھ ڈالر فراہم کیے گئے۔ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک نے تربیلا فائیو کے لیے پچاس لاکھ ڈالر دیے، جبکہ فرانس نے منگلا ہائیڈروپاور پروجیکٹ کی تعمیر نو کے لیے دس لاکھ ڈالر فراہم کیے۔






















