اسرائیل نے گلوبل صمود فلوٹیلا پر دھاوا بول دیا، گلوبل صمود فلوٹیلا کے عملے کے ارکان کو اسرائیلی فوج نے حراست میں لے لیا۔
اسرائیلی ناکہ بندی کا شکار غزہ کے لیے امداد پہنچانے والا بین الاقوامی صمود فلوٹیلا پر اسرائیل نے دھاوا بول کر عملے کے ارکان کو حراست میں لے لیا۔ گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل جہازوں کی کئی لائیو فیڈز بند ہو گئی، کئی فلوٹیلا جہازوں سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
اسرائیلی وزارت خارجہ کے مطابق فلوٹیلا ارکان کو آگاہ کر دیا تھا وہ جنگی علاقے کے قریب ہیں، گلوبل فلوٹیلا کو خبردار کیا وہ وار زون میں نہ جائیں، گلوبل فلوٹیلا نے بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی، گلوبل فلوٹیلا اپنا راستہ بدل کربندرگاہ اشدود کی طرف جائے۔
قبل ازیں غزہ کے لیے امداد لے جانے والی بین الاقوامی فلوٹیلا نے بدھ کی صبح کہا ہے کہ جیسے جیسے وہ منزل کے قریب پہنچ رہے ہیں، ان کے اوپر ڈرونز کی سرگرمی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
گلوبل صمود فلوٹیلا 40 سے زائد کشتیوں پر مشتمل امدادی قافلہ ہے جس پر 500 سے زیادہ افراد سوار ہیں جن میں پارلیمنٹیرینز، وکلا اور سویڈش ماحولیاتی مہم جوئی کرنے والی گریٹا تھنبرگ بھی شامل ہیں، اس امدادی قافلے کا مقصد فلسطینی علاقے پر اسرائیلی محاصرے کو توڑنا ہے۔
اس سے قبل منتظمین نے کہا کہ فلوٹیلا نے بتایا کہ اس کی کئی کشتیوں کے قریب نامعلوم جہاز آئے جن میں سے کچھ بغیر لائٹس کے چل رہے تھے، تاہم وہ جہاز اب وہاں سے جا چکے ہیں اور شرکا نے کسی ممکنہ روک تھام کے پیشِ نظر حفاظتی انتظامات پر عمل درآمد کیا۔
گلوبل صمود فلوٹیلا میں شامل پاکستانی وفد میں سینیٹر مشتاق احمد خان نے گزشتہ روز اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ ہم غزہ سے مزید قریب ہو گئے ہیں اور اب ہمیں دور سے اسرائیلی جہاز اپنی جانب آتے دکھائی دے رہے ہیں۔






















