پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر محمد عامر نے سابق کپتان بابر اعظم کے قومی ٹیم کی قیادت سے مستعفی ہونے کے فیصلے کی حمایت کر دی ہے۔
یاد رہے کہ بابر اعظم نے 15 نومبر کو پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف سے ملاقات کے بعد تمام فارمیٹس کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
حال ہی میں ایک مقامی نیوز چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق فاسٹ باؤلر محمد عامر نے بابر اعظم کے اس اقدام کی تعریف کی اور انہیں ایک چیلنج کے طور پر اس تبدیلی کو قبول کرنے کا مشورہ دیا۔
محمد عامر کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کو میرا مشورہ ہے کہ وہ اس چیز کو ایک چیلنج کے طور پر لیں، اس بات میں کوئی شک نہیں کہ وہ ایک بہترین کھلاڑی ہیں ، تاہم ان وجوہات بارے سوچنا چاہیے جن کی وجہ سے مستعفی ہونا پڑا اور وہ اپنی غلطیوں پر قابو پانے کی کوشش کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک آپ اپنی غلطی نہیں مانتے آپ سیکھتے نہیں ہیں۔
سابق فاسٹ باؤلر نے کہا کہ جب کوئی کھلاڑی پرفارم نہیں کرتا تو وہ ڈومیسٹک میں جاتا ہے اور اپنی غلطیوں پر قابو پانے کی کوشش کرتا ہے بابر کوئی بوڑھے تو نہیں ہوگئے ابھی تو انکا کیریئر پیک پر جانا شروع ہوا ہے۔
انہوں نے قومی ٹیسٹ ٹیم کے نئے کپتان شان مسعود کے بارے بھی بات کی اور کہا کہ وہ ایک اچھے کپتان ثابت ہوسکتے ہیں۔