مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائرز مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان اورآسٹریلیا کےدرمیان مثبت،تعمیری اور قریبی دوستانہ تعلقات خوش آئند ہیں،قدرتی آفات اورہرمشکل میں آسٹریلیا کی حکومت اورعوام نےپاکستان کا مخلصانہ ساتھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی ،رائیونڈ آمد پرمریم نواز نے آسٹریلوی ہائی کمشنر کا استقبال کیا ،ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کےامورپرتبادلہ خیال کیاگیا ۔
اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان طویل المدتی تعلقات مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں، آسٹریلوی حکومت اور عوام میں قدرتی آفات سمیت ہر مشکل میں پاکستان کا مخلصانہ ساتھ دیا،دونوں ممالک کے درمیان مثبت،تعمیری اور قریبی دوستانہ تعلقات خوش آئند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آسٹریلیا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے،اورماضی کی طرح مستقبل میں بھی ان میں وسعت لائیں گے، اوردونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔
ملاقات کے دوران مریم نواز نے آسٹریلیا میں زیر تعلیم پاکستانی طالب علموں کو سہولیات کی فراہمی پر آسٹریلوی حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔
آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نے ملاقات کیلئے وقت دینے پر مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور پارٹی قیادت اور ان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔