پنجاب حکومت نے سرکاری میڈیکل کالجزمیں داخلےکیلئے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ پاس کرنا ضروری قرار دیدیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں محکمہ صحت سے متعلق فیصلے کیے گئے ہیں۔پنجاب کے پبلک اورپرائیویٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کے لیےایڈمشن پالیسی کی منظوری دیدی گئی ہے، سرکاری میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ پاس کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے جبکہ اوور سیز پاکستانیز کے بچوں کے لیے ایم ڈی کیٹ میں 10ہزار ڈالر فیس مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پرائیویٹ میڈیکل کالج لسٹ میں نام آنے پرامیدوارکو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزمیں ایک تہائی فیس جمع ہوگی،پرائیویٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کی حتمی میرٹ لسٹ آنے کے بعد یوایچ ایس متعلقہ کالج کوجمع شدہ ایک تہائی فیس ٹرانسفرکردے گی
داخلے کےخواہشمند طلبہ حتمی میرٹ لسٹ آنےپرمتعلقہ پرائیویٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں ہی باقی فیس جمع کرائیں گے۔
علاوہ ازیں پرائیویٹ اسپتالوں میں پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ کے بعد لازمی سروس کی باہمی تجویز پر اتفاق کیا گیا ہے، ٹرینی ڈاکٹر کو پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے متعلقہ شعبے میں اسپیشلائزیشن کے لیے بھیجا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نےساہیوال میں پہلی کامیاب انجیو پلاسٹی پراظہارِ مسرت اور میو اسپتال کوابلیشن سینٹر میں علاج کے لیے فول پروف اور شفاف طریقے کار وضع کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے پنجاب کے مختلف اداروں کے بورڈ آف منیجمنٹ کی منظوری اور کہا کہ پنجاب کے ہر اسپتال میں غریب مریض کو پیسے خرچ کیے بغیر علاج کی سہولت ملنی چاہیے، چاہتی ہوں کہ کینسر کے ہر مریض کا علاج ممکن بنایا جائے۔






















