بھارت نے بنگلہ دیش کو 41 رنز سے شکست دیتے ہوئے ایشیاء کپ کے فائنل میں جگہ پکی کر لی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کی ٹیم بھارت کی جانب سے دیئے گئے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 19.3 اوورز میں 127 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی اور 41 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، بنگلہ دیش کی جانب سے سیف حسن نے 69 رنز کی شاندار اننگ کھیلی لیکن وہ ٹیم کو جیت دلوانے میں کامیاب نہیں ہو سکے ، پرویز حسین نے 21 رنز بنائے ، ان کے علاوہ بنگلہ دیش کی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکا ۔
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے تین، جسپریت بمراہ اور ورن چکرورتی نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اکشر پٹیل اور تلک ورما نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس پر بھارت نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے جس میں اوپننگ بیٹسمین ابھیشیک شرما 75 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے جبکہ ہاردک پانڈیا 38 اور شبھمن گل 29 رنز بناے میں کامیا ب ہوئے ، ان کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے راشد حسین 2 ، تنظیم حسن، مصتفیض الرحمان اور محمد سیف الدین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
ایشیاء کپ کا فائنل میچ 28ستمبر کو اتوار کے روز کھیلا جائے گا ۔






















