حکومت نے استعمال شدہ پرانی گاڑیوں کی کمرشل امپورٹ سے متعلق بڑا فیصلہ کر لیا ، ای سی سی نے پانچ سال پرانی گاڑیوں کی تیس جون دو ہزار چھبیس تک درآمد کی اجازت دیدی۔ پرانی گاڑیوں کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹی کے ساتھ چالیس فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے، بعد میں گاڑیوں کی عمر کی حد بھی ختم کر دی جائے گی۔
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے نیویارک سے ویڈیو لنک کے زریعے کی۔ اجلاس میں پرانی گاڑیوں کی کمرشل درآمد کی اجازت دے دی گئی۔ گاڑیوں کی درآمد کو ماحولیاتی اور حفاظتی معیارات سے مشروط کیا گیا ہے۔ای سی سی نے پانچ سال سے کم پرانی گاڑیوں کی درآمد پر موجودہ کسٹمز ڈیوٹی کے ساتھ چالیس فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی بھی عائد کرنے کی منظوری دی۔ جو جون دوہزار چھبیس تک نافذ العمل رہے گی اور اس کے بعد ہر سال دس فیصد پوائنٹس کی کمی کے ساتھ مرحلہ وار ختم کی جائے گی، جو دوہزار انتیس تیس تک مکمل طور پر ختم ہو جائے گی۔کابینہ ڈویژن کی سمری پر پاکستان ورچوئل ایسٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے لیے اسی کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ بھی منظور کی گئی۔





















