نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبہ بھر کے تھیٹرز فوری طور پر کھولنے کا حکم دے دیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں ڈرامہ ایکٹ 1876ء میں مجوزہ ترامیم پر بریفنگ دی گئی۔ محسن نقوی نے چیک اینڈ بیلنس کو برقرار رکھتے ہوئے تھیٹرز کو کھولنے کی اجازت دی اور ہدایت دی کہ آرٹ اور کلچر کے فروغ پر فوکس کیا جائے۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر، چیف سیکریٹری، ایڈیشنل چیف سیکریٹری، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری اطلاعات و ثقافت، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈپٹی کمشنر لاہور نے اجلاس میں شرکت کی۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے 28 اگست کو لاہور کے 10 تھیٹرز کھولنے کا حکم دیا تھا، عدالت میں درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ حکومت نے مؤقف سنے بغیر تھیٹر بند کردیئے، کسی غیرقانونی یا غیر اخلاقی سرگرمی میں ملوث نہیں، حکومت کا یکطرفہ اقدام غیرقانونی ہے۔