ویانا میں عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کی 69 ویں جنرل کانفرنس کا ذیلی اجلاس ہوا جس دوران پاکستان نے رکن ممالک کے لیے 20 وظائف اور تربیتی مواقع فراہم کرنے کا اعلان کیا ، پانچ اضافی وظائف خواتین کیلئے مختص ہوں گے ، چیئرمین پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن ڈاکٹرراجہ علی رضا انور نے کہا پاکستان اپنی مہارت اور وسائل اجتماعی بھلائی کے لیے بانٹنے پر تیار ہے۔
اجلاس میں چیئرمین پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن نے کہا دنیا اس وقت ماحولیاتی تبدیلی، توانائی، خوراک اور صحت جیسی سہولتوں کے فقدان جیسے پیچیدہ چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے۔ ان مسائل کا حل سائنسی بنیادوں پر جدید طریقہ کار اور تعلیم کے ذریعے ہی ممکن ہے۔جوہری سائنس اور ٹیکنالوجی پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں براہِ راست کردار ادا کرتی ہے، پاکستان جوہری سلامتی اور تحفظ کے حوالے سے پرعزم ہے۔
اجلاس کے دوران پاکستان کی جانب سے آئی اے ای اے کے رکن ممالک کے لیے بیس وظائف اور تربیتی مواقع فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا، جب کہ مزید پانچ وظائف میری کیوری فیلوشپ پروگرام کے تحت صرف خواتین کے لیے مختص ہوں گے۔ چیئرمین پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن نے مندوبین کو ان مواقع سے بھرپور استفادے کی دعوت بھی دی ۔






















