قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں ارکان نے الیکٹرک وہیکل پالیسی پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا، مزید کارروائی مؤخر کر دی گئی۔
نوید قمر کی زیر صدارت کمیٹی اجلاس میں قومی الیکٹرک وہیکل پالیسی دوہزار پچیس تا تیس کا کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے پالیسی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور معاملے پر مزید کارروائی مؤخر کر دی۔ اجلاس میں کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی بل پر بھی غور ہوا۔ کمیٹی نے رجسٹرڈ کمپنیوں کو سماجی خدمات پر اخراجات لازمی کرنے کی سفارش کی جبکہ ایس ای سی پی حکام نے بتایا کہ سو کمپنیوں نے سماجی فلاح پر کوئی رقم خرچ نہیں کی۔ کمیٹی نے اس حوالے سے ذیلی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جون دوہزارچھبیس تک تمام حکومتی ادائیگیاں ڈیجیٹائز کر دی جائیں گی۔ اس وقت ملک میں دو ڈیجیٹل بینک کام کر رہے ہیں اور ایک سال میں ڈیجیٹل مرچنٹس کی تعداد بیس لاکھ تک پہنچانے کا ہدف ہے۔






















