پیٹرولیم ڈویژن نے سوئی گیس کے نئے کنکشنز کیلئے پالیسی تبدیل کر دی، تیس لاکھ سے زائد پرانی درخواستیں منسوخ جبکہ درآمدی ایل این جی کنکشنز کے لیے نیا فریم ورک جاری کردیا گیا۔
پیٹرولیم ڈویژن نے سوئی گیس کنکشنز کے حوالے سے بڑا فیصلہ کر لیا ہے، درآمدی ایل این جی کنکشنز کے لیے نیا فریم ورک سوئی کمپنیوں کو بھیج دیا گیا۔ پرانی تیس لاکھ سے زائد درخواستیں منسوخ کر دی گئیں۔ نئی درخواستوں کے بعد نیا میرٹ آرڈر جاری ہوگا۔ ڈیمانڈ نوٹس اور ارجنٹ فیس جمع کرانے والے صارفین کو ایل این جی کنکشنز کے لیے اضافی فیس دینا ہوگی۔
ذرائع کے مطابق درآمدی گیس کا ٹیرف مقامی گیس کے مقابلے میں ستر فیصد زیادہ ہوگا۔ اس وقت ڈھائی لاکھ صارفین نے ڈیمانڈ نوٹس اور چار ہزار نے ارجنٹ فیس جمع کرا رکھی ہے۔ کمپنیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ایک سال میں پچاس فیصد صارفین کو کنکشن دیا جائے۔ ارجنٹ فیس ادا کرنے والے صارفین کو تین ماہ میں کنکشن فراہم ہوگا۔ ایک سال سے منقطع گھریلو صارفین کو بھی درآمدی گیس کنکشن دیا جائے گا۔






















