وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے جلال پور پیر والا کا دورہ کیا جس دوران موٹروے ایم فائیو کو پہنچنے والے نقصان، بحالی کے اقدامات اور حالات کا جائزہ لیا۔سینئر وزیر اور صوبائی وزرا کے ساتھ اجلاس میں بھی شرکت کی۔عبدالعلیم خان کا کہنا تھا ہر قیمت پر جلال پور پیر والا شہرکو بچانا ترجیح ہے۔
جلالپور پیروالا میں سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب اور صوبائی وزراء کے ساتھ مشترکہ اجلاس میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا تین ہفتوں سے جلال پور پیروالا کو بچانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔موٹروے کے ساتھ دونوں طرف سیلابی پانی بیس کلو میٹرتک ہے موٹروے توڑنا آسان فیصلہ نہیں، شہریوں کا جان ومال زیادہ اہم ہے، انہوں نے کہا پنجاب حکومت فیصلہ کرے این ایچ اے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
این ایچ اے وآبپاشی کے ماہرین کی ٹیکنیکل کمیٹی قائم کر دی ہے مسلسل مانیٹرنگ ہو گی،عبدالعلیم خان نے کہایہ قدرتی آفت اور مشکل صورتحال ہے مل کر سامنا کر رہے ہیں۔ پنجاب حکومت کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل کیلئے آئے ہیں۔اس سیلاب سے سبق سیکھنا ہے،حفاظتی بند بننے چاہئیں۔ اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے موٹروے پر مزید شگاف کیلئے نیسپاک، آبپاشی، واٹر سروسز اور متعلقہ ادارے رابطے میں ہیں۔اجلاس میں صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، رانا سکندر حیات، صہیب بھرت اور میاں کاظم پیرزادہ بھی موجود تھے ۔






















