معروف پاکستانی اداکارہ عائشہ عمر نے ’لازوال عشق‘ کو ڈیٹنگ شو قرار دینے کی خبروں کو مسترد کرتےہوئے کہا کہ یہ شو بامعنی گفتگو، طویل المدتی تعلقات اور شادی کے مقصد پر مبنی ہے۔
معروف اداکارہ اور میزبان عائشہ عمر نےاپنے آنے والےریئلٹی شو لازوال عشق سے متعلق گردش کرتی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جس میں اس کو ڈیٹنگ شو کہا جا رہا ہے،عائشہ عمر نے واضح کیا کہ نہ تو انہوں نے اور نہ ہی انکی پروڈکشن ٹیم نےکبھی اس شوکو ڈیٹنگ شو قرار دیا،کچھ میڈیا پلیٹ فارمز نے مغربی فارمیٹس جیسے ’لو آئی لینڈ‘ سے متاثر ظاہرکیا ہے جو بلکل درست نہیں ہے۔
عاشہ عمرکےمطابق ’لازوال عشق‘کامقصد نوجوانوں کوشادی جیسےرشتے کے لیےبہترگفتگو،سمجھداری اور تعلق قائم کرنے کا موقع دینا ہے، یہ شو نہ صرف بامقصد بات چیت پرمبنی ہےبلکہ ثقافتی اقدار کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے۔
انہوں نےبتایا کہ یہ شو ترکیہ میں ریکارڈ گیا ہے،تاہم اسے اردو زبان میں پاکستانی ناظرین کے لیے تیار کیا گیا ہےشرکاء ایک ہی ولا میں رہیں گے،لیکن ان کی رہائش، فلورز اورذاتی جگہیں الگ الگ ہوں گی،صرف لاؤنج،کچن اور پول سائیڈ مشترکہ استعمال کے لیے ہوں گے۔
عائشہ عمر نے زوردیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سماجی تجربہ ہے،نہ کہ محض تفریح،اس میں شامل نوجوان افراد ایک دوسرے کو جاننے کے بعد شادی کے رشتے کے لیے فیصلہ کریں گے۔ فارمیٹ کے مطابق کوئی بھی جوڑا پہلے سے طے شدہ نہیں ہوگا، اور تمام سرگرمیاں گفت و شنید اور باہمی تفہیم پر مبنی ہوں گی۔
شو کے ٹیزرمیں دکھایا گیا تھا کہ چار مرد اورچار خواتین ایک لگژری بنگلے میں رہیں گے، جہاں ان کے درمیان ہونے والی بات چیت، اختلافات اور جذباتی تبدیلیوں کو ریکارڈ کیا جائے گا۔
خیال رہےکہ شو کا پہلا ٹیزر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر بعض حلقوں کی جانب سے تنقید اور بائیکاٹ کی مہم شروع ہو گئی تھی، اور صارفین نے پیمرا سے اس پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا۔
تاہم پیمرا کی جانب سے وضاحت دی گئی کہ چونکہ یہ شوصرف سوشل میڈیا پرنشرہوگا، ٹی وی پر نہیں، اس لیے یہ ان کے دائرہ کارمیں نہیں آتا اوراس پرکسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی جا سکتی۔
شوکی نشرکی تاریخ کا باضابطہ اعلان تاحال سامنے نہیں آیا، تاہم یہ جلد ہی یوٹیوب پر نشر کیا جائے گا۔






















