وزیراعظم شہباز شریف کا 15 ستمبر کو قطر کا ایک روزہ دورہ کریں گے جہاں وہ دوحا پر اسرائیلی حملے کے حوالے سے عرب ممالک سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے ۔
عرب مسلم ممالک سربراہ اجلاس میں قطر پر اسرائیلی حملے کے بعد علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر مشاورت ہو گی ۔ وزیراعظم اجلاس میں شرکت کیلئے اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ قطر جائیں گے ، دوحا پر اسرائیلی حملے کے بعد شہباز شریف برادر ملک سے اظہار یکجہتی کیلئے پہلے بھی قطر کا ایک روزہ دورہ کرچکے ۔
یاد رہے کہ 9 ستبمر کو اسرائیل نے دوحہ میں حماس رہنماوں کے جاری اجلاس پر فضائی حملہ کیا جس میں 6 افراد شہید ہوئے تھے۔
ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ دوحا میں عرب اسلامی ممالک کا ہنگامی سربراہی اجلاس ہونے جارہاہے ،وزیراعظم شہباز شریف پیر 15 ستمبر کو قطر کا دورہ کریں گے، عرب اور اسلامی ممالک کا اجلاس پاکستان کی معاونت سے ہو رہا ہے، اجلاس اسرائیل کے فضائی حملوں اور فلسطین کی صورتحال پر طلب کیا گیا، اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت شریک ہوں گے، تمام اسلامی ممالک کے اعلیٰ عہدیداران بھی اجلاس میں شرکت کریں گے، اجلاس کی تیاری کیلئے وزرائے خارجہ کی نشست 14 ستمبر کو ہوگی، پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے، پاکستان برادر ملک قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، قطر اور دیگر ریاستوں کیخلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں، یکجہتی اور حمایت کے اظہار کیلئے وزیراعظم نے 11 ستمبر کو دوحا کا دورہ کیا، وزیراعظم نے قطری قیادت سے ملاقات میں پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔






















