پی ٹی آئی کے قائمہ کمیٹیوں سے استعفوں کے معاملے پر حکومت نے اپنی حکمت عملی طے کرلی، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا اپوزیشن ارکان کے قائمہ کمیٹیوں سے استعفے منظور نہ کرنے کا فیصلہ برقرار ہے اور حکومتی ارکان کو کورم پورا کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
پی ٹی آئی ارکان کے بغیر قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس معمول کے مطابق جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اسمبلی سیکرٹریٹ کو احکامات جاری کر دیئے۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کے چیئرمین کی عدم موجودگی میں کنوینر اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔
حکومتی ارکان کو قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس کے لئے کورم پورا کرنے کی ہدایت کردی گئی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اپوزیشن کےاستعفوں کے باوجود قائمہ کمیٹیوں کی ورکنگ متاثر نہیں ہونے دیں گے۔ قانون سازی سمیت پارلیمانی نگرانی کیلئے قائمہ کمیٹیوں کا فعال رہنا ناگزیر ہے۔






















