نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان پہلے سیمی فائنل میں پچ کی تبدیلی کے معاملے پر بھارتی ٹیم پر مبینہ فکسنگ کے الزاما ت سامنے آنے کے بعد آئی سی سی نے باضابطہ بیان جاری کر دیا ہے ۔
انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ایک روزہ عالمی کپ کا ایونٹ طویل ہے اور پچ کی تبدیلی معمول کی بات ہے ،میگا ایونٹ میں پچ کی تبدیلی پہلے بھی کئی بار ہوچکی ہے، یہ اقدام دراصل معمول کی بات ہے۔آئی سی سی بیان میں مزید کہا گیا کہ سیمی فائنل سے قبل پچ کی تبدیلی گراؤنڈ کیوریٹر اور میزبان ملک کی سفارش پر کی گئی تھی۔آئی سی سی نے یہ بھی کہا کہ بھارت اور نیوزی لینڈ کے بڑے مقابلے کی پچ کی تبدیلی ہمارے پچ کنسلٹنٹ کے علم میں تھی۔
یاد رہے کہ پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 70 رنز سے شکست دیتے ہوئے فائنل میں رسائی کر لی ہے جبکہ دوسری ٹیم کا فیصلہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ کے بعد ہو گا۔