اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے قطر کو دھمکی دیتے ہوئے کہاہے کہ حماس رہنماؤں کو نکالو یا ہم خود نمٹیں گے ۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ قطر پر مزید حملے ہو سکتے ہیں، دہشت گردوں کو پناہ دینے والے ممالک خود اقدام کریں، ورنہ اسرائیل کرے گا، قطر حماس رہنماؤں کو نکالے یا انصاف کے کٹہرے میں لائے، قطر نے مذاکرات میں وقت ضائع کیا، اب کارروائی کا وقت ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل نے قطر کے دارلحکومت دوحہ کے رہائشی علاقے میں حماس رہنماوں کی رہائشی عمارت پر فضائی حملہ کیا ، فضائی حملہ اس وقت کیا گیا جب حماس رہنماوں کا جنگ بندی سے متعلق مشاورتی اجلاس جاری تھا، فضائی حملے میں خلیل الحیہ کے بیٹے سمیت 6 افراد شہید ہوئے، شہید ہونے والوں میں قطر کا سیکیورٹی افسر بھی شامل ہے ۔
کینیڈا
کینیڈا نے کہا ہے کہ وہ قطر پر اسرائیلی حملے کے بعد اسرائیل کے ساتھ تعلقات کا جائزہ لے رہا ہے۔وزیر خارجہ انیتا آنند نے ایک بار پھر دوحا پر اسرائیلی حملے کو “ناقابل قبول” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بارے میں کسی بھی ممکنہ تبدیلی کی تفصیلات فی الحال نہیں دی جا سکتیں۔
انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہم اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات کا جائزہ لے رہے ہیں، جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا کینیڈا کسی قسم کی پابندیاں لگانے پر غور کر رہا ہے تو انیتا آنند کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے اگلے اقدامات کا جائزہ لیتی رہے گی۔





















