اسرائیل نے قطر کے دارلحکومت دوحہ میں حماس رہنماؤں کے مشاورتی اجلاس کے دوران رہائشی عمارت پر فضائی حملہ کیا جس پر حماس نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں مرکزی قیادت محفوظ رہی تاہم خلیل الحیہ کے بیٹے سمیت 6 افراد شہید ہو گئے ہیں،شہید ہونے والوں میں قطر کا ایک سیکیورٹی افسر بھی شامل ہے ۔
الجزیرہ کے مطابق دوحہ کے رہائشی علاقے میں سہ پہر کے وقت کئی زور دار دھماکے سنے گئے جس کے بعد فضا میں دھواں اڑتا دکھائی دیا جس کے کچھ ہی دیر کے بعد اسرائیلی فوج نے دوحہ میں حماس کے مشاورتی اجلاس پر حملے کی تصدیق کی ۔
حماس نے حملے میں 6 افراد کے شہید ہونے کی تصدیق کر دی ہے اور بتایا کہ حملے میں مرکزی قیادت محفوظ رہی، اسرائیلی حملے کا مقصد جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کی بات چیت کو سبوتاژ کرنا تھا۔
وائٹ ہاؤس
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولائن لیوٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکی فوج نے ٹرمپ انتظامیہ کو مطلع کیا کہ اسرائیل دوحہ (قطر کا دارالحکومت) میں موجود حماس پر حملہ کر رہا ہے۔ صدر ٹرمپ نے فوراً خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کو ہدایت دی کہ وہ قطر کو اس حملے کی اطلاع دیں۔
کیرولائن لیوٹ کا کہناتھا کہ قطر جیسی خودمختار ریاست اور امریکہ کی قریبی اتحادی پر یکطرفہ بمباری، جو ہمارے ساتھ امن قائم کرنے کے لیے انتھک کوشش کر رہا ہے، نہ اسرائیل اور نہ ہی امریکہ کے مقاصد کو آگے بڑھاتی ہے۔
قطر
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے وائٹ ہاؤس کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ قطر کو اسرائیلی حملے سے پہلے مطلع نہیں کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا یہ بیانات کہ قطر کو حملے سے پہلے اطلاع دی گئی تھی مکمل طور پر غلط ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ امریکی اہلکار کی کال ہمیں اس وقت موصول ہوئی جب دوحہ میں اسرائیلی حملے سے ہونے والے دھماکوں کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں۔
قطر پر دوبارہ حملہ نہیں ہوگا: امریکہ کی یقین دہانی
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری نے قطر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ نے قطری حکام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اس طرح کے حملے دوبارہ نہیں ہوں گے، صدر قطر کو امریکہ کا مضبوط اتحادی اور دوست سمجھتے ہیں اور اس حملے کی جگہ پر بہت افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ صدر نے امیر قطر اور وزیر اعظم سے بات کی اور ان کی حمایت اور دوستی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ایسا واقعہ دوبارہ ان کی سرزمین پر نہیں ہوگا۔
قطر کا رد عمل
اسرائیل نے حماس پر حملہ بزدلانہ کارروائی ہے، قطر اس حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے، حماس کے سیاسی بیورو کے ارکان کی رہائشی عمارتوں پر حملہ کیا گیا، یہ مجرمانہ حملہ عالمی قوانین اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، حملہ قطری عوام اور مقیم غیرملکیوں کی سلامتی کےلیے سنگین خطرہ ہے، قطر اسرائیل کے اس غیرذمہ دارانہ رویے اور خطے کی سلامتی سے کھیلنے کے عمل کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا، قطر کی سلامتی اور خودمختاری کو نشانہ بنانے والی کوئی کارروائی قابل قبول نہیں، اسرائیلی حملے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات جاری ہیں۔
حماس کا رد عمل
حماس نے دوحہ میں اسرائیلی حملے پر رد عمل جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ اسرائیلی حملے میں کوئی بھی حماس رکن شہید نہیں ہوا، ملاقات میں شریک ممبران اسرائیل کے قاتلانہ حملے سے بچ گئے، رہنما خلیل الحیہ حملے میں بال بال بچ گئے ہیں ۔






















