لیاقت پور،نور والا کے مقام پر سیلاب میں پھنسے افراد کو لیکر آنے والی کشتی ڈوب گئی جس میں سوار 2خواتین سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں تاہم 14 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ابراہیم خان نامی شہری نے پرائیویٹ کشتی کا استعمال کرتے ہوئے ڈوبنے والے 13 افراد کو بچایا جبکہ ایک خاتون کو ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہناہے کہ امدادی کاموں میں مصروف کشتی تیز بارش اور سیلابی بہاؤ کے باعث حادثہ کا شکار ہوئی، کشتی میں 20 سے زائد افراد سوار تھے۔ ڈی جی ریسکیو،کمشنر بہاول پور سمیت انتظامیہ موقع پر پہنچ گئیں۔
چناب ، راوی اورستلج کے ریلوں سے دریائے سندھ بھی بپھرنے لگا ہے، چاچڑاں پراونچے درجے کا سیلاب ہے، بہاؤ7 لاکھ 14 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیاہے، جس میں چند گھنٹوں میں مزید اضافے کا امکان ہے ۔
کوٹ مٹھن پراونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں 9 لاکھ کیوسک کا ریلہ چند گھنٹے میں گزرے گا جس سے درجنوں دیہات زیر آب آنے کا خدشہ ہے، انتظامیہ ہائی الرٹ پر ہے ۔
ہیڈ پنجند پر پانی کے بہاؤ میں معمولی کمی دیکھی گئی ہے، 6 لاکھ 9 ہزار کیوسک سے کم ہو کر5 لاکھ 25 ہزار رہ گیا ، علی پور کی درجنوں بستیاں پانی میں ڈوب چکی ہیں، دریائے چناب کی لیاقت پور میں بھی تباہی جاری ہے جہاں 35 دیہات متاثرہوئے ۔






















