افغانستان نے سہ ملکی سیریز کے چھٹے میچ میں متحد ہ عرب امارات کو 4 سکور سے شکست دیتے ہوئے کامیابی سمیٹ لی، 7 ستمبر کو سہ ملکی سیریز کا فائنل میچ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان کی جانب سے دیئے گئے 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یو اے ای کی ٹیم 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنا سکی اور 4 سکور سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ، یو اے ای کی جانب سے محمد وسیم نے 44 اور آصف خان نے 40 رنز بنائے جبکہ علیشان شرافو نے 27 اور محمد زوہب 23 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔
اس سے قبل افغانستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقرررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 170 ر نز بنائے جس میں ابراہیم زردان 48 اور رحمان اللہ گرباز 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کریم جنت نے 28 اور گلبدین نے 20 رنز کی اننگ کھیلی ۔






















