ملک میں مہنگائی کی صورت حال اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں جائزہ لینے کیلئے اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں وزیر خزانہ نے وزارتِ نیشنل فوڈ سکیورٹی اور ادارہ شماریات کو صوبوں کے ساتھ مل کر گندم، چاول اور چینی جیسے اہم غذائی اجناس کے دستیاب ذخائر کا فوری طور پر جائزہ لینے کہ ہدایت کر دی۔
وزیر اعظم کی قائم کردہ اسٹیئرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہوا۔ شرکاء نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں خاص طور حالیہ سیلاب کی روشنی میں ان کے غریب اور کم آمدنی والے طبقات پراثرات کا تفصیل سے جائزہ لیا۔ اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور بڑی فصلوں کی صورتحال کی باقاعدہ نگرانی کرنے اور ضرورت پڑنے پر صوبائی حکومتوں اور وفاقی اداروں کے ساتھ مل کر انتظامی اقدامات کی سفارش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس کے دوران خاص طور پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام اور بالخصوص سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور کمزور طبقوں پر اثر انداز ہونے والئ اشیائے ضرویہ کی قیمتوں کی مسلسل نگرانی کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے اجلاس کے شرکاء کو سپلائی چین کے تسلسل، ذخائر کی دستیابی اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ٹھوس تجاویز جلد پیش کرنے کی ہدایت کی اور وزارتِ خزانہ کی جانب سے غریب اور سیلاب زدہ علاقوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کا یقین دلایا۔






















