دریائے سندھ میں پانی کی سطح کم ہونے سے بلوچستان میں سیلاب کا خطرہ ٹل گیا ہے، کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کا کہنا ہے کہ جعفرآباد، اوستہ محمد سمیت دیگر علاقے محفوظ ہیں جبکہ پنجند سے گڈو بیراج کی جانب چار لاکھ کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے۔
کمشنر نصیرآباد صلاح الدین نورزئی نے سماء سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جعفرآباد ، اوستہ محمد اور دیگر علاقوں میں صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور مون سون کے آخری اسپیل کے بعد سیلاب کے امکانات بھی کم ہوگئے ہیں۔ تاہم ڈیرہ بگٹی کے پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث اب بھی خطرہ موجود ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں جبکہ سرکاری ٹیمیں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں اور تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔






















