امریکی صدر نے اپنی بیماری کی افواہوں کی تردید کردی۔ پریس کانفرنس میں صحافی کے سوال کے جواب میں ٹرمپ نے کہا کہ مرنے کی خبروں کا پتہ نہیں، میری بیماری پر بہت افواہیں اڑائی گئیں، دو دن کچھ نہیں کیا تو لوگوں کو میری صحت کی فکر ہونے لگی، بائیڈن مہینوں کچھ نہیں کرتا تھا اور کوئی پوچھتا بھی نہیں تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے دلچسپ سوالات کیے، صحافی نے کہا کہ ویک اینڈ پر سوشل میڈیا پر ایک خبر وائرل ہوئی، آپ کو یہ کب پتہ چلا کہ آپ مر چکے ہیں؟، کیا آپ نے وہ خبر دیکھی؟۔ صدر ٹرمپ نے جواب دیا نہیں۔
صحافی نے پوچھا کہ لوگوں نے آپ کو چند دن تک نہیں دیکھا، ہفتی کی صبح تک آپ کی موت پر 13 لاکھ صارفین نے ردعمل ظاہر کیا تھا۔ جواب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں نے یہ سنا ہے، یہ پاگل پن ہے، پچھلے ہفتے میں نے کئی نیوز کانفرنسز کیں، سب کامیاب رہیں، وہ سب بہت اچھی گئیں، بالکل ایسے ہی جیسے یہ اچھی جا رہی ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ میں نے دو دن کوئی کانفرنس نہیں کی تو لوگوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ضرور کچھ مسئلہ ہے، بائیڈن تو مہینوں تک کچھ نہیں کرتے تھے، آپ انہیں دیکھ بھی نہیں سکتے تھے اور کسی نے کبھی یہ نہیں کہا کہ انہیں کچھ ہوا ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ وہ بہترین حالت میں بھی نہیں تھے، یہ تو کافی سنگین اور جعلی خبر ہے، آج بھی جانتے ہیں یہ جعلی خبر ہے، اسی لیے میڈیا کی ساکھ اتنی کم ہے۔





















