اسلام آباد و راولپنڈی شدید بارشوں کی لپیٹ میں آگئے جس کے بعد جڑواں شہروں میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
پیر کے روز اسلام آباد میں دو گھنٹے کے دوران 98 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کے باعث جی الیون سمیت مختلف سیکٹرز میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، گاڑیاں پانی میں ڈوب گئیں جبکہ درخت بھی گر گئے۔
راولپنڈی میں بھی موسلادھار بارش کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی۔
کٹاریاں کے مقام پر پانی 19 فٹ جبکہ گوالمنڈی پر 14 فٹ تک جا پہنچا، تاہم بارش رکنے کے بعد پانی کی سطح کم ہوکر ساڑھے 16 فٹ پر آ گئی۔
ضیا کالونی میں برساتی نالہ بپھرنے سے پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔
ضلعی انتظامیہ نے نالہ لئی کے اطراف کے علاقوں سے شہریوں کے انخلا کے لیے الرٹ جاری کیا جبکہ ریسکیو اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے بارشوں کے خدشے کے پیش نظر مارگلہ ہلز کی تمام ہائیکنگ ٹریلز غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے نوٹیفکیشن کے مطابق شہریوں کو کسی بھی ٹریل پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور بارش کے دوران غیر ضروری طور پر پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔



















