بھارتی ٹی وی کی اداکارہ پرِیا مراٹھے 38 سال کی عمر میں کینسر کے باعث انتقال کرگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اتوار کو اداکارہ پرِیا کے انتقال کی خبر سامنے آئی، 38 سالہ اداکارہ طویل عرصے سے کینسر سے لڑ رہی تھیں تاہم اتوار کو انہوں نے ممبئی میں اپنے گھر میں آخری سانس لی۔
پرِیا نے کئی ہندی اور مراٹھی ڈراموں میں کام کیا اور وہ اپنی شاندار اداکاری کیلئے مشہور تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پرِیا نے 2012ء میں اداکار شانتانو سے شادی کی تھی۔ اداکارہ 2024ء کے بعد انسٹاگرام پر متحرک نہیں تھیں، انہوں نے 11 اگست 2024ء کو اپنی آخری پوسٹ میں اپنے شوہر کے ساتھ تصاویر شیئر کیں۔
پریا 23 اپریل 1987ء کو ممبئی میں پیدا ہوئیں، انہوں نے پویترا رشتہ میں آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے مقابل ورشہ کا کردار نبھایا، جسے کافی پسند کیا گیا، بعد ازاں انہوں نے بڑے اچھے لگتے ہیں، ساتھ نبھانا ساتھیا سمیت دیگر ڈراموں میں ادکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
اداکارہ کے انتقال پر شوبز انڈسٹری کی شخصیات کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔






















