لاہور سمیت پنجاب بھر کے تمام اسکولز موسم گرما کی تعطیلات کے بعد دوبارہ کھل گئے۔
چھٹیوں کے بعد بیشتر طلبا کی خوشی دیدنی تو چند اداس نظر آئے،گرمیوں کی تعطیلات میں 15 روز کا اضافہ کیا گیا تھا،اسکولز میں چھٹیاں 15اگست سے بڑھا کر 31 اگست تک کی گئیں۔
لاہور کے 45 اسکولز تاحال بند رہیں گے،انتطامیہ کا کہنا ہےکہ 45 اسکولز کو سیلابی علاقوں میں ریلیف کیمپس میں تبدیل کیا ہے۔
فیصل آباد کی تحصیل تاندلیانوالہ اور ضلع جھنگ میں سیلابی صورتِ حال کے پیش نظر ضلع بھر کے تمام اسکول 5 ستمبر تک بند رہیں گے،ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل کمالیہ اور پیر محل میں اسکول غیرمعینہ مدت تک بند ہیں۔
دوسری جانب ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظردریائی پٹی اور قریبی علاقوں میں قائم 25 اسکول بند رکھنےکا فیصلہ کیا گیا ہے،نوٹیفیکیشن کے مطابق اسکول 1ستمبر سے 5ستمبر تک بند رہیں گے، 22 دیہات میں سیلاب کا شدید خطرہ ہے جہاں ہائی الرٹ جاری کیاگیاہے،دریا کے قریبی آبادیوں سے انخلاء کا عمل جاری ہے۔






















