ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج میں ہریکے کے مقام پر ہائی فلڈ کی معلومات بھارت کی جانب سے شیئر ہوئیں، اس کے علاوہ کوئی باقاعدہ معلومات بھارت کی جانب سے شیئر نہیں کی گئی جبکہ سورسز سے کنفرم ہوا کہ سلال ڈیم کے اسپیل ویز کو کھولا گیا۔
سماء کے پروگرام ’ میرے سوال ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ آج سارا دن ہیجانی کیفیت رہی ، بھارت کی جانب سے کتنے کیوسک پانی آئے گا اس کی کوئی کنفرم اطلاعات نہیں ہیں اور نہ ہی اس کو کنفرم کیا جاسکتا ہے، ہم نے اس کے پیش نظر الرٹ جاری کیا۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ پنجاب کی حد تک تینوں دریاوں ( راوی، ستلج ، چناب ) میں بڑے سیلابی ریلے ہیں۔
عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ تریموں بیراج پر پانی کا بہاؤ بڑھ گیا ہے اور 5 لاکھ پر پہنچ گیا ہے جبکہ کل تریموں میں پانی کا بہاو ساڑھے 7 سے 8 لاکھ ہوگا، ہیڈ محمد والا کے مقام پر اور زیادہ مشکلات کا خدشہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو ریلا لاہور اور شاہدرہ سے گزرا اب وہ ساہیوال ، اوکاڑہ اور کمالیہ کی طرف بڑھ رہا ہے، راوی والا ریلا ہیڈ سدھنائی تک پہنچےگا اس کی کیپسٹی ڈیڑھ لاکھ کیوسک کی ہے اور ہوسکتا ہے ہیڈ سدھنائی پر ہمیں بریچ کرنا پڑے۔
انہوں نے بتایا کہ 2 تاریخ کو کسی بھی وقت چناب اور راوی کا پانی ہیڈ محمد والا پر 8 سے ساڑھے 8 لاکھ کیوسک پہنچے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہیڈ محمد والا پر 8 سے ساڑھے 8 لاکھ کیوسک پانی گزارنے کی کیپسٹی موجود ہے۔





















