بھارت نے ایک اور سیلابی ریلا پاکستان کی جانب چھوڑ دیا، دریائے چناب میں 8 لاکھ کیوسک کا ریلا آنے کا خدشہ ہے، شہریوں کو محفوظ مقام کی جانب نقل مکانی کیلئے مساجد سے اعلانات کرائے جارہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارت نے ایک اور سیلابی ریلا پاکستان کی جانب چھوڑ دیا، سلال ڈیم اور بگلیہار ڈیم کے دروازے کھول دیئے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دریائے چناب میں 8 لاکھ کیوسک سے زائد کا ریلا آنے کا خدشہ ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد کی ہدایت پر مساجد سے شہریوں کو محفوظ مقام پر نقل مکانی کرنے کیلئے اعلانات کیے جارہے ہیں۔
اعلان میں کہا جارہا ہے کہ بھارت کی جانب سے مزید پانی چھوڑ دیا گیا ہے، شہری اپنی جان و مال کی حفاظت کریں، علاقہ مکین نقل مکانی کر جائیں۔
ذرائع پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ بھارت نے ڈیموں سے پانی چھوڑے جانے کی کوئی اطلاع نہیں دی، کسی آفیشل فورم سے 8 لاکھ کیوسک چھوڑے جانے کی تصدیق نہیں ہوئی۔
ذرائع پنجاب حکومت نے مزید کہا ہے کہ بھارتی میڈیا ایسے دعوے کررہا ہے کہ مزید پانی چھوڑا جارہا ہے، سفارتی ذرائع اور ایری گیشن حکام معلومات اکٹھی کررہے ہیں۔
پی ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ بھارت کی طرف سے ہریکے میں اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کیا گیا ہے، آج ستلج ہریکے کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ ملی ہے، چناب یا دیگر دریاؤں میں پانی چھوڑے جانے کی کوئی آفیشل وارننگ نہیں ملی۔
عرفان کاٹھیا نے بتایا کہ سلال ڈیم کے اسپیل ویز کھولے جانے کی کوئی آفیشل انفارمیشن شیئر نہیں کی گئی، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سول انتظامیہ اور متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں، دریاؤں میں کسی بھی بڑے ریلے کے بارے انتظامیہ اور شہریوں کو پیشگی الرٹ جاری کیا جائیگا۔






















