صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے نام خط میں 6 نومبر 2023ء کو عام انتخابات کی تجویز دیدی۔ الیکشن کمیشن نے مشاورتی اجلاس سے متعلق خبروں کی تردید کردی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ 9 اگست کو وزیراعظم کے مشورے پر قومی اسمبلی کو تحلیل کیا، اس لئے عام انتخابات 6 نومبر 2023ء کو ہونے چاہئیں۔
صدر مملکت کا خط میں کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 48(5) کے تحت صدر کا اختیار ہے کہ اسمبلی میں عام انتخابات کے انعقاد کیلئے تحلیل کی تاریخ سے نوے دن کے اندر انتخابات کی تاریخ مقرر کرے۔
عارف علوی نے مزید کہا کہ آرٹیکل 48(5) کے مطابق قومی اسمبلی کیلئے عام انتخابات قومی اسمبلی کی تحلیل کی تاریخ کے 89 ویں دن یعنی پیر 6 نومبر 2023 کو ہونے چاہئیں۔
ان کا کہنا ہے کہ آئینی ذمہ داری پورا کرنے کی خاطر چیف الیکشن کمشنر کو ملاقات کیلئے مدعو کیا گیا تاکہ آئین اور اس کے حکم کو لاگو کرنے کا طریقہ وضع کیا جاسکے، تاہم چیف الیکشن کمشنر نے جواب میں برعکس مؤقف اختیار کیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا چيف الیکشن کمشنر ، سکندر سلطان راجہ، کے نام خط
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) September 13, 2023
صدر مملکت نے 9 اگست کو وزیراعظم کے مشورے پر قومی اسمبلی کو تحلیل کیا، صدر مملکت pic.twitter.com/5W88oKxX62
صدر کا کہنا ہے کہ آئین کی اسکیم اور فریم ورک کے مطابق یہ الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، آئین کے آرٹیکل 51(5) اور الیکشن ایکٹ کے سیکشن 17 کے تحت یہ ایک لازمی شرط ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزارت قانون و انصاف بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان جیسی رائے کی حامل ہے، چاروں صوبائی حکومتوں کا خیال ہے کہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کا مینڈیٹ ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات نئی حلقہ بندیوں کے تحت کرانے کا اعلان کیا تھا، ای سی پی نے نئی حلقہ بندیوں کی حتمی تاریخ پہلے 14 دسمبر مقرر کی تھی تاہم اس میں ترمیم کرتے ہوئے بعد ازاں 30 نومبر کی تاریخ دی گئی۔
الیکشن کمیشن کی تردید
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں اس بات کی تردید کی ہے کہ صدر مملکت کی تجویز پر کوئی مشاورتی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے مختلف میڈیا چینلزپر چلنے والی خبروں کی سختی سے تردید کی ھےالیکشن کمیشن کے کل اجلاس طلب کرنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔واضح کیا جاتا ھے ابھی تک کمیشن نے کل نہ ہی کوئی اجلاس طلب کیا ھے اور نہ ہی اپنی لیگل ٹیم کو کسی قسم کی مشاورت کے لئے بلایا ھے
— Spokesperson ECP (@SpokespersonECP) September 13, 2023
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ترجمان نے مختلف میڈیا چینلز پر چلنے والی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے، کل اجلاس طلب کرنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ھے کہ ابھی تک کمیشن نے کل نہ ہی کوئی اجلاس طلب کیا ہے اور نہ ہی اپنی لیگل ٹیم کو کسی قسم کی مشاورت کیلئے بلایا ہے۔
اس سے قبل میڈیا پر ایک خبر آئی تھی کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے عام انتخابات کی تاریخ سے متعلق خط پر الیکشن کمیشن میں مشاورتی اجلاس بلالیا ہے۔