عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فلڈ ریلیف نمائشی میچ میں پشاور زلمی نے سخت مقابلے کے بعد لیجنڈز الیون کو 6 رنز سے ہرا دیا۔
پشاور زلمی کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے شاندار آغاز کے باوجود 14.4 اوورز میں 144 رنز پر ڈھیر ہو گئی جبکہ ہدف کے تعاقب میں لیجنڈز الیون نے بھرپور جدوجہد کی لیکن 145 رنز کا ہدف حاصل نہ کر سکی اور 138 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔
زلمی کی جانب سے بابر اعظم اور یاسر حمید نے 50 رنز کی اوپننگ شراکت فراہم کی۔
یاسر نے 18 گیندوں پر 35 اور بابر اعظم نے 23 گیندوں پر 41 رنز اسکور کیے، تاہم دیگر بیٹرز نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکے۔
لیجنڈز کی جانب سے شاہد آفریدی اور عبدالرحمان نے تین، جبکہ سعید اجمل اور محمد حفیظ نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ہدف کے تعاقب میں لیجنڈز الیون کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور ابتدائی تین وکٹیں صرف 6 رنز پر گر گئیں۔
محمد عرفان نے پہلے ہی اوور میں کامران غلام کو آؤٹ کیا جبکہ اگلے اوور میں عمران فرحت بھی چلتے بنے اور محمد حفیظ بھی صرف 2 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
انضمام الحق اور اظہر محمود نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے میچ کو سنسنی خیز بنایا۔
انضمام 23 گیندوں پر 46 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ اظہر محمود نے 14 گیندوں پر 34 رنز اسکور کیے۔
تاہم آخری اوور میں 22 رنز درکار تھے لیکن ٹیم صرف 16 رنز ہی بنا سکی اور میچ 6 رنز سے ہار گئی۔
زلمی کی جانب سے محمد عرفان اور بابر اعظم نے دو، جبکہ سلمان اور ذوالفقار بابر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
خیال رہے کہ یہ نمائشی میچ فلڈ ریلیف فنڈ کے لیے منعقد کیا گیا جس میں شائقین کرکٹ نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔





















