ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا موجودہ سلسلہ آج بالائی علاقوں کا رُخ کرے گا، سیلابی علاقوں میں بھی مزید بارشیں ہوں گی۔ محکمہ موسمیات نے ستمبر کے پہلے ہفتے کے آخری دنوں میں بارشوں کا ایک اور اسپیل پاکستان میں داخل ہونے کی پیش گوئی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کا موجودہ سلسلہ آج بالائی علاقوں کا رخ کرے گا، بالائی علاقوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بادل برسیں گے۔
انہوں نے بارشوں کا نیا سلسلہ ستمبر کے پہلے ہفتے کے آخری دنوں پاکستان میں داخل ہونے کی پیشگوئی کردی۔ عرفان ورک کا کہنا ہے کہ ملک میں اب تک معمول سے 12 فیصد زائد مون سون بارشیں ریکارڈ کی جاچکی ہیں۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، نوشہرہ، صوابی، مری، گلیات، اسلام آباد/راولپنڈی، شمال مشرقی پنجاب، کشمیر، ڈیرہ غازی خان اور اس سے ملحقہ مقامی/برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد/راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، پشاور، نوشہرہ اور مردان کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسلادھار بارش/آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے، کمزور انفرااسٹرکچر (کچے گھر/دیواریں، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیاں، سولر پینل وغیرہ) کو نقصان کا اندیشہ ہے۔
مسافروں اور سیاح حضرات کو سفر کے دوران زیادہ محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ موسمی حالات کے مطابق اپنے سفر کا انتظام کریں اور بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے موسم کے بارے میں آگاہی حاصل کریں۔





















