پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں مون سون بارشوں کے 9ویں اسپیل کے آغاز پر الرٹ جاری کردیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریاؤں کے بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے جبکہ آج سے 2 ستمبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات اور سیالکوٹ سمیت نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین اور اوکاڑہ میں بارشیں متوقع ہیں۔
ساہیوال، قصور، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں بھی بارشوں کا امکان ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان، ملتان اور راجن پور میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے صوبے کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مون سون بارشوں سے دریائے چناب، راوی اور ستلج میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ بڑے شہروں میں ندی نالوں کے بپھرنے کا خدشہ ہے۔






















