وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں کے عوام محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں، سیلاب کی زد میں آنیوالے علاقوں کے عوام انتظامیہ سے تعاون کریں۔
مریم نواز نے کہا کہ خدارا اپنی اور اپنے بچوں کی زندگیوں کی حفاظت کو ترجیح دیں، پنجاب کے تمام متاثرین کا حق انہیں پہنچایا جائے گا، یہ وعدہ ہے، آپ کےگھروں،فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کاازالہ کریں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اس وقت اولین ترجیح عوام کی جان کا تحفظ ہے، شہری انتظامیہ اور ریسکیو کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔
خیال رہے کہ بھارت کی آبی جارحیت کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں تباہ کن سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ دریائے راوی، چناب اور ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ 7 اضلاع کے کئی علاقے لپیٹ میں آچکے ہیں۔ ہزاروں کی تعداد میں لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہورہے ہیں ۔ بڑے پیمانے پر زرعی زمینیں اور فصلیں بھی تباہ ہوگئیں۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے راوی میں شاہدرہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ دولاکھ 13 ہزار 400، سائفن پر دولاکھ 15ہزار جبکہ جسڑ پر 95 ہزار 580 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔
دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ پر ایک لاکھ 22 ہزار کیوسک، ہیڈخانکی پر ایک لاکھ 88 ہزار، ہیڈ قادرآباد پر دو لاکھ 22 ہزار ریکارڈ کی گئی ہے ۔ ہیڈ بلوکی پر ایک لاکھ 30 ہزار 900 ، دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا پر دولاکھ 61 ہزار، ہیڈ سلیمانکی پر ایک لاکھ 13 ہزار کیوسک ریکارڈ کی جارہی ہے۔





















