مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی گیٹس فاؤنڈیشن نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے ایک ملین ڈالر امداد کا اعلان کر دیا ہے ۔
گیٹس فاؤنڈیشن یہ امداد عالمی ادارہ صحت کے ذریعہ پاکستان کو فراہم کرے گیم ڈبلیو ایچ او یہ رقم چاروں صوبوں کے 33 متاثرہ اضلاع میں 4 لاکھ 65 ہزار متاثرین سیلاب کو طبی سہولیات فراہم کرنے پر خرچ کرے گا، ڈبلیو ایچ او پاکستان کے نمائندہ ڈاپنگ لو نے بروقت امداد کی فراہمی پر گیٹس فاونڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ڈبلیو ایچ او انسانی جانوں کے تحفظ کیلیے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ڈاپنگ لو نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے مون سون شدت اختیار کررہا ہے اور قدرتی آفات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق 26 جون سے 27 اگست تک پاکستان میں 802 اموات اور ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے، ملک بھر میں ساڑھے 5 ہزار سے زائد مویشی ہلاک ہوچکے، سیلاب سے ملک بھر میں 7465 مکانات،658 کلومیٹر سڑکیں،238پل،7 صحت مراکز تباہ اور 89 مراکز کو نقصان پہنچا ہے۔ اب تک سیلاب اور طوفانی بارشوں نے سب سے زیادہ تباہی صوبہ خیبر پختونخوا میں ہوئی۔





















