وزیراعظم شہباز شریف نے کسٹم نظام میں اصلاحات جلد مکمل کرنے اور موثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کسٹم کے جانچ پڑتال اور تخمینہ کے نظام میں شفافیت کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس ہوا جس میں انہوں نے کسٹم نظام میں اصلاحات کو جلد مکمل اور مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شفافیت، ٹیکس کلیکشن میں بہتری اور کاروباری طبقے کو سہولت دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو جانچ پڑتال اور تخمینہ سے متعلق اب تک کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی رسک مینیجمنٹ سسٹم جلد فعال ہو جائے گا اور جدید اسکینرز کے ذریعے کسٹم کلیرنس میں درکار وقت کم ہو رہا ہے۔
سمگلنگ کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں غیر قانونی ترسیل میں نمایاں کمی آئی ہے اور قانونی ذرائع سے کسٹم کلیئرنس میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، ڈاکٹر مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ، احد چیمہ، بلال اظہر کیانی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔




















