ویتنام کے شمالی اور وسطی علاقوں میں طوفان ’’کاجیکی‘‘ کے باعث شدید بارشوں، تیز ہواؤں اور سیلاب نے تباہی مچا دی۔
خبر ایجنسی کے مطابق تیز ہواؤں اور سیلاب کے نتیجے میں کم از کم 3 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے۔ ویتنام کی وزارتِ زراعت و ماحولیات کے مطابق طوفان سے 6ہزار 800سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا، جب کہ 28ہزار 800 ہیکٹر سے زائد دھان کے کھیت اور 2,200 ہیکٹر دیگر فصلیں زیرِ آب آ گئیں۔
اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں تقریباً 18,000 درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔ طوفان نے بجلی کے نظام کو بھی شدید متاثر کیا، جس سے 331 بجلی کے کھمبے گر گئے اور تقریباً 13 لاکھ صارفین کو بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔ مقامی حکام متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں اور نقصان کا مکمل تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔




















