وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں گلیشیئر پھٹنے (گلوف) کی پیشگی اطلاع دے کر 300 قیمتی انسانی جانیں بچانے والے ہیروز وصیت خان، انصار اور محمد خان سے ملاقات کی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
پیر کے روز ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم نے تینوں افراد کو 24 کروڑ عوام کا ہیرو قرار دیتے ہوئے ہر ایک کو 25 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا اور شاباشی سرٹیفیکیٹس سے نوازا۔
وزیراعظم نے کہا کہ وصیت خان، انصار اور محمد خان نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کر کے خدمت کے جذبے کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ جیسے لوگ پوری قوم کے لیے مسیحا کا درجہ رکھتے ہیں اور مجھ سمیت پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ وہ جلد گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے اور متاثرہ گاؤں تالی داس کو ماڈل ویلج بنانے کے لیے اقدامات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان ہیروز کی بہادری اور بروقت اقدام کی بدولت ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل غذر کے علاقے تالی داس میں گلیشیئر پھٹنے سے شدید سیلابی صورتحال پیدا ہوئی تھی ، وصیت خان، انصار اور محمد خان نے گاؤں والوں کو بروقت خبردار کر کے سیکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جس سے قیمتی جانیں بچ گئیں۔






















