حالیہ مون سون سیزن کے دوران بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 799 ہوگئی، ایک ہزار 80 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بارشوں اور سیلاب سے جانی و مالی نقصانات کے تازہ اعدادوشمار جاری کر دیئے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک شخص جاں بحق ہوا جس کا تعلق سندھ سے ہے۔ خیبرپختونخوا میں ایک مرد اور 5 بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق 26 جون سے اب تک مجموعی طور پر 799 افراد جاں بحق جبکہ ایک ہزار 80 زخمی ہوئے۔ سب سے زیادہ جانی نقصان خیبرپختونخوا میں ہوا جہاں 479 افراد جاں بحق ہوئے۔
پنجاب میں 165، سندھ میں 55 اور بلوچستان میں 24 اموات رپورٹ ہوئیں۔ گلگت بلتستان میں 45، آزاد کشمیر میں 23 اور اسلام آباد میں 8 افراد جاں بحق ہوئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اب تک مجموعی طور پر سات ہزار 175 گھروں کو نقصان پہنچا جبکہ پانچ ہزار 552 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔






















