اسرائیل نے یمن کے دارالحکومت صنعا پر بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیے ہیں جن کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
عرب میڈیا کےمطابق اسرائیلی فوج نے یمنی صدارتی کمپلیکس کےقریب میزائل برسائے اور میزائل تنصیبات، تیل کے ڈپو اور دو پاور اسٹیشنوں کو نشانہ بنایا۔
یمنی حوثیوں کے ترجمان نے بھی اموات کی تصدیق کردی ہے،اسرائیلی میڈیا کے مطابق اس آپریشن میں 15 جنگی طیاروں نے حصہ لیا اور یمن کے مختلف مقامات پر 35 میزائل داغے گئے۔
یمنی حوثیوں کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے گنجان آباد رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا جو ایک جنگی جرم ہے،انہوں نے واضح کیا کہ صدارتی ہیڈکوارٹر فی الحال غیر فعال ہے اور وہاں کوئی عملہ موجود نہیں تھا۔
یمنی حوثیوں نےان حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اسرائیل کے خلاف اپنی کارروائیاں مزید تیزکریں گے اور اسرائیل کے اندرونی حصوں تک بڑے اہداف کو نشانہ بنائیں گے۔





















