پنجاب میں گاڑیوں کی رجسٹریشن اور نمبر پلیٹس کے اجراء کا نیا نظام متعارف کروا دیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق اب گاڑی نہیں نمبر پلیٹ صارف کے نام پر رجسٹرڈ ہو گی ، گاڑی فروخت کے بعد نمبر پلیٹ مالک کے نام پر برقرار رہے گی ۔ پرانی گاڑیوں کی رجسٹریشن مالک اپنےنام پر کرا سکیں گے ۔
ڈی جی ایکسائز پنجاب نے بتایا کہ کہ گاڑی فروخت ہونے کی صورت میں متعلقہ نمبرز دو سال تک صارف کے نام رہے گا ۔ محکمہ ایکسائز پنجاب کی تین کروڑ کے قریب گاڑیوں ،موٹرسائیکلوں ، رکشوں اور کمرشل بسوں کی نمبر پلیٹس اب مالک کے نام پر جاری کرے گا۔
گاڑی فروخت کرنے کی صورت میں مالک دو سال تک موجودہ نمبر پلیٹ اپنے پاس رکھ سکے گا جبکہ خریدار نئی نمبر پلیٹ حاصل کرے گا۔
ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عمر شیر چٹھہ کے مطابق اس اقدام سے غیر قانونی سرگرمی میں استعمال ہونے والی گاڑی کا سراغ لگانا آسان ہو جائے گا۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق اگر آپ اپنی پرانی نمبر پلیٹ کو نئی گاڑی پر استعمال کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے اضافی فیس ادا کرنا ہوگی ۔






















