بھارتی فلم تھری ایڈیٹس کے معروف سینئر اداکار اچیُت پوتدار 91 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے معروف اور سینئر اداکار اچیُت پوتدار 91 برس کی عمر میں بھارتی شہر ٹھانے میں انتقال کرگئے، ان کی آخری رسومات 19 اگست کو ٹھانے میں ادا کی جائیں گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وہ کی روز سے ٹھانے کے جیوپیٹر اسپتال میں زیر علاج تھے، آخری وقت میں ان کے پاس اہل خانہ اور قریبی عزیز موجود تھے۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ کافی دنوں سے زائد العمری سے متعلق مسائل کا شکار تھے۔
اچیُت پوتدار نے 44 سال کی عمر میں شوبز میں قدم رکھا، بالی اور مراٹھی سنیما کی 125 فلموں میں کام کیا، اس کے علاوہ انہوں نے 100 سے زائد ٹی وی سیریلز میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان کی بلاک بسٹر فلم ’تھری ایڈیٹس‘ میں ان کی اداکاری خاص طور پر یادگار رہی، جس میں ایک پروفیسر کے کردار میں انہوں نے آئیکونک جملہ ’’کہنا کیا چاہتے ہو؟‘‘ ادا کیا، جو کافی مقبول ہوا اور سوشل میڈیا پر میمز میں بدل گیا۔
رپورٹ کے مطابق اپنے شوبز کیریئر سے پہلے پوتدار نے بھارتی فوج میں بطور کیپٹن خدمات انجام دیں، بعد ازاں وہ انڈین آئل میں تقریباً 25 سال ملازم رہے جبکہ مدھیا پردیش کے علاقے ریوہ میں پروفیسر بھی رہے۔
ان کی کچھ یادگار فلموں میں تھری ایڈیٹس، لگے رہو منا بھائی، رنگیلا اور وانگلے کی دنیا شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اچیُت پوتدار کو فلم اور پرفارمنگ آرٹ میں خدمات کے صلے میں کئی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔






















