پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے کاروبارو کے دوران تاریخ کی بلند ترین سطح کا نیا ریکارڈ بنادیا، کے ایس ایکس 100 انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 50 ہزار پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرگیا تاہم معمولی کریکشن کے بعد ایک لاکھ 49 ہزار 770 پوائنٹس پر بند ہوا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نیا دن نیا ریکارڈ، نئی تاریخ رقم ہوگئی، پی ایس ایکس نے تاریخ کی بلند ترین سطح کا ریکارڈ توڑ دیا، انڈیکس دوران کاروبار پہلی بار ایک لاکھ 50 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا کے ایس ای 100 انڈیکس دوران کاروبار ایک موقع پر ایک لاکھ 50 ہزار 323 پوائنٹس پر بھی دیکھا گیا، تاہم کاروبار کے اختتام پر کچھ کریکشن کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 1574پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 49 ہزار 770 پوائنٹس پر بند ہوا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ کی آٖفیشل ویب سائٹ کے مطابق پی ایس ایک میں آج مجموعی طور پر 35 ارب 43 کروڑ 57 لاکھ 13 ہزار 454 روپے کے 34 کروڑ ایک لاکھ 93 ہزار 363 شیئرز کا کاروبار ہوا۔
رپورٹ کے مطابق نئے مالی سال کے آغاز (یکم جولائی) سے اب تک صرف 50 روز میں اسٹاک مارکیٹ انڈیکس میں 32 ہزار پوائنٹس کا اضافہ ہوچکا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا اظہار اطمینان
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تاریخی سطح عبور کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت کی بہتری سے سرمایہ کاروں اور تاجر برادری کا اعتماد بحال ہوا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملک ترقی کی طرف گامزن ہے لیکن مزید محنت درکار ہے، معاشی ٹیم نے شب و روز محنت سے مشکلات پر قابو پایا۔
انہوں نے کاروباری برادری کا حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تاجروں کا مشکل حالات میں بھی سرگرم رہنا قابل تحسین ہے۔
وزیراعظم کے مطابق کاروبار کی ترقی اور سرمایہ کاری میں اضافے سے ملک میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔
وفاقی وزیر خزانہ کے مشیر کا ایکس پیغام
وفاقی وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے نئی تاریخ رقم کر دی، کے ایس ای 100 انڈیکس ڈیڑھ لاکھ پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، اسٹاک ایکسچینج نے پہلے 50 ہزار پوائنٹس 26 سال میں حاصل کئے، دوسرے 50 ہزار پوائنٹس 8 سال میں حاصل ہوئے، جبکہ اگلے 50 ہزار پوائنٹس محض 10 ماہ میں عبور حاصل کیے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک ارب ڈالر یا زائد مالیت کی کمپنیوں کی تعداد 16 ہوگئی، ایک سال میں 22 فیصد اضافے کے ساتھ 73 ہزار نئے سرمایہ کار آئے۔
خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ عوامی مارکیٹس میں سرمایہ کاروں کی مجموعی تعداد 10 لاکھ سے زائد ہے، مثبت معاشی امکانات اور عالمی ساکھ نے سرمایہ کار کا اعتماد بڑھا دیا۔






















