وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور شہروں کی جدید خطوط پر تعمیر وترقی کے لیے جاپان کے تجربات سے سیکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جاپان کے پانچ روزہ سرکاری دورے کے آغاز پر تجارتی، معاشی اور ثقافتی شہر یوکوہاما میں مصروف دن گزارا اور اس موقع پر انہوں نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور شہروں کی جدید خطوط پر تعمیر و ترقی کے لیے جاپانی تجربات سے استفادہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے جاپان کے سب سے بڑے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا دورہ کیا اور کوڑا کرکٹ، گندے پانی اور کچرے کے ٹھکانے لگانے کے جدید طریقہ کار پر بریفنگ لی۔
مریم نواز نے اعلان کیا کہ پنجاب میں بھی ویسٹ مینجمنٹ اور واٹر ٹریٹمنٹ کے لیے جاپانی ٹیکنالوجی کو استعمال میں لایا جائے گا۔
یوکوہاما کے ٹاؤن ہال میں اربن ڈویلپمنٹ پر بھی وفد کو بریفنگ دی گئی جہاں لاہور اور اسلام آباد میں سڑکوں، عمارتوں کے معیار کو جاپان کے برابر لانے اور تیز رفتار ٹرین کے منصوبے پر تعاون کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔
راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) اور یوکوہاما کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون پر بھی غور کیا گیا۔
مریم نواز نے یوکوہاما کی بندرگاہ کا دورہ بھی کیا اور پورٹ آپریشنز کا مشاہدہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کو دریائے راوی کے کنارے یوکوہاما کی طرز پر جدید شہروں میں بدلنا چاہتی ہیں اور روڈا کو بھی یوکوہاما کی طرز پر جدید شہری ترقی کے ادارے میں ڈھالا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے یوکوہاما کی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا ماحولیاتی آلودگی اور خطرات سے بچاؤ کو یقینی بناتے ہوئے پنجاب میں شہری ترقی چاہتے ہیں۔ جاپان کا گنجان آباد اور صنعتی شہر یوکوہاما جدید شہری ترقی کی نادر مثال ہے۔
اس دوران وزیراعلیٰ نے تاریخی ریڈ برک ویئر ہاؤس کا بھی دورہ کیا اور اس کے مختلف حصے دیکھے۔
یوکوہاما میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب
یوکوہاما میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے بغیر نام لیے بانی پی ٹی آئی پر تنقید کی اور کہا کہ سڑکیں بنانے سے قوم نہیں بنتی تو کیا گالیاں دینے سے بنتی ہے؟۔
انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وزیراعظم بھی آئے جو بارہ بجے آتے اور تین بجے غائب ہو جاتے تھے جنہوں نے ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا جس سے جان چھڑانا ہمارے لیے مشکل ہو گیا۔
مریم نواز نے کہا کہ اقتدار کا مطلب لوگوں کو گالیاں دینا نہیں ہے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ صبح 7 بجے سے رات 12 بجے تک کام کرتے ہیں۔
انہوں نے ایک شخص کے حوالے سے بتایا کہ وہ کہتا تھا کہ شہباز شریف کی تیز رفتاری دیکھ کر لگتا ہے جیسے جنات کام کر رہے ہیں۔






















