یورپی یونین کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں سالانہ بنیادوں پر4 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق یورپی یونین میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے اگست کے دوران 290 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جوگزشتہ سال اگست کے مقابلہ میں 4 فیصدزیادہ ہے۔ گزشتہ سال اگست میں یورپی یونین میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 279 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق جولائی کے مقابلہ میں اگست میں یورپی یونین میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں ماہانہ بنیادوں پر دو فیصد کمی ہوئی ہے، جولائی میں یورپی یونین کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 284 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو اگست میں بڑھ کر290 ملین ڈالر ہوگیا۔
واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں یورپی یونین کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 574 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے برابر ہے، گزشتہ مالی سال کے پہلے دوماہ میں یورپی یونین میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 574 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔