خیبرپختونخوا کے کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ نے صوبے میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق صوبے میں سیلاب اور بارشوں سے 266 مقامات کو نقصان پہنچا جن میں 238 سڑکیں، 49 پل، اور 47 آبپاشی نالے شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صوبے میں سیلاب سے متاثرہ 47 سڑکوں کو مکمل طور پر ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے جبکہ 172 سڑکوں کو جزوی طور پر ہلکی ٹریفک کے لیے کھولا گیا ہے تاہم، 47 سڑکیں ابھی تک مکمل طور پر بند ہیں۔
سوات میں 25 سڑکیں متاثر ہوئیں جن میں سے 2 پر مکمل ٹریفک بحال ہو چکی ہے اور 21 کو جزوی طور پر ہلکی ٹریفک کے لیے کھولا گیا جبکہ 3 سڑکیں بند ہیں۔
لوئر دیر میں 28 سڑکیں متاثر ہوئیں، 2 کو مکمل اور 19 کو جزوی طور پر بحال کیا گیا جبکہ 7 سڑکیں ابھی تک بند ہیں۔
مانسہرہ میں 13 سڑکوں میں سے 8 کو مکمل اور 5 کو جزوی طور پر بحال کیا گیا۔
ملاکنڈ میں 11 سڑکیں متاثر ہوئیں، 5 کو مکمل اور 6 کو جزوی طور پر بحال کیا گیا۔
مردان میں 25 سڑکیں متاثر ہوئیں جنہیں ہلکی ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔
کرک میں 14 سڑکوں میں سے 3 کو مکمل اور 11 کو جزوی طور پر بحال کیا گیا۔
صوبے میں سیلاب سے 49 پل متاثر ہوئے جن میں سے 4 کو مکمل اور 32 کو جزوی طور پر بحال کیا گیا ہے جبکہ 14 پل ابھی تک ٹریفک کے لیے بند ہیں۔
مردان میں سب سے زیادہ 16 پل متاثر ہوئے جن پر ہلکی ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔
سوات اور لوئر دیر میں 5، 5 پل متاثر ہوئے اور کوہستان میں 4 پل سیلاب سے متاثر ہوئے۔
سیلاب سے 47 آبپاشی نالوں کو نقصان پہنچا جن میں سے 8 کو مکمل اور 31 کو جزوی طور پر بحال کیا گیا ہے جبکہ 13 نالے ابھی تک بند ہیں۔
حکام کی جانب سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے کام تیزی سے جاری ہے تاکہ صوبے میں رابطوں اور آمدورفت کو بہتر بنایا جا سکے۔






















