خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیلاب سے تباہی کے بعد پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں تیز کردی گئی ہیں۔
باجوڑ اور دیر کو ملانے والا انتہائی اہم پل حالیہ سیلاب میں بہہ جانے کے بعد پاک فوج کی انجینئرز کور نے نیا پل تعمیر کرنے کا کام شروع کردیا ہے۔
انجینئرز کور کے دستے ضروری ساز و سامان کے ساتھ باجوڑ روانہ ہو گئے ہیں اور نئے پل کی تنصیب کا کام چند روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔
ادھر بونیر میں بھی سیلاب سے شدید تباہی ہوئی ہے جہاں آئی جی ایف سی کے پی نارتھ میجر جنرل راؤ عمران متاثرہ علاقوں میں پہنچے اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔
پاک فوج کے مزید دستے بونیر میں ریلیف آپریشن میں شریک ہو گئے ہیں۔
انجینئر کور کے خصوصی آلات کے ذریعے کیچڑ میں دبے زخمیوں اور لاشوں کو نکالنے کا عمل جاری ہے۔
فوجی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں راشن اور دیگر ضروری سامان پہنچایا جا رہا ہے جبکہ متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل بھی مسلسل جاری ہے۔
فوجی حکام کے مطابق ریلیف آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک تمام متاثرہ افراد کو بحفاظت ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر منتقل نہیں کر دیا جاتا۔






















