محکمہ موسمیات نے مون سون کی شدت بڑھنے کی پیش گوئی کر دی، کل سے 19 اگست تک کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے، اسلام آباد، مری، گلیات اور پنجاب کے کئی شہروں میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 سے 20 اگست تک جنوبی پنجاب اور 17 سے 22 اگست تک کراچی سمیت سندھ کے مختلف حصوں میں بارشیں ہوں گی۔ بلوچستان میں بھی 17 سے 20 اگست کے دوران بارش کا امکان ہے۔ بارشوں کے نتیجے میں چترال، دیر، سوات اور شانگلہ سمیت کئی برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا۔ اسلام آباد، راولپنڈی، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر کے برساتی نالوں میں بھی طغیانی کا خطرہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں سے سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں۔ جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ہے۔






















